حیدرآباد کے قاسم آباد میں ایام فاطمیہ کا سالانہ مرکزی جلوس عزا

15 نومبر, 2026 14:58

شیعیت نیوز : ایام شہادت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مدرسہ صراط الٰہی و ادارہ حفظ القرآن قاسم آباد، حیدرآباد کے زیر اہتمام گزشتہ تین برسوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی سالانہ مرکزی جلوس عزا برآمد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے 500 سے زائد مومنین و مومنات، طلباء و طالبات اور بچوں نے شرکت کی۔

جلوس عزا شام 4 بجے مدرسہ صراط الٰہی سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام ساڑھے 5 بجے علی پیلس چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء نے حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے اسمائے مبارکہ پر مشتمل بینرز اور سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ جنت البقیع کی تعزیتی شبیہ بھی جلوس میں نمایاں تھی۔

یہ بھی پڑھیں : یوم شہادت سیدہ زہرا پر پاراچنار میں مکمل بندش، مجالس عزا کا انعقاد

اختتامی اجتماع سے ادارے کے سرپرست زاہد علی کاظمی، اصغریہ علم و عمل تحریک کے سینئر رہنما سید پسند رضوی اور معلمہ سیدہ معصومہ موسوی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ سیدہ کونین سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ پوری انسانیت بالخصوص خواتین کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے، اور آپؑ نے حق گوئی کے ذریعے واضح کیا کہ دین محمدیؐ کی حقیقی پاسداری ہی عزت و سربلندی کا راستہ ہے۔

اس موقع پر بچوں نے نوحہ خوانی کی جبکہ مولانا الطاف حسین نے نوحہ خوانی اور عزاداری کے فرائض انجام دیے۔ جلوس کے شرکاء کے لیے سبیل و نیاز کا اہتمام کیا گیا، اور آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔

3:10 شام نومبر 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔