سرجانی ٹاؤن جلوس عزا مقدمے پر کالعدم سپاہ صحابہ کی کراچی میں احتجاج کی دھمکی
شیعیت نیوز : کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس عزا پر درج مقدمے کے معاملے میں کالعدم تکفیری جماعت اہل سنت والجماعت (سابقہ سپاہ صحابہ) کی کراچی ڈویژن نے مقدمہ واپس لیے جانے کی صورت میں شہر بھر میں احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔
کالعدم جماعت کے کراچی ڈویژن کے صدر رب نواز حنفی اور جنرل سیکرٹری تاج محمد حنفی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر ایف آئی آر کی واپسی کے لیے پولیس، تھانے یا ضلعی انتظامیہ پر دباؤ ڈالا گیا یا دھرنا دیا گیا تو وہ کراچی بھر میں احتجاج کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلوس کے شرکاء کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : جلوس فاطمی پر مقدمے کے خلاف علامہ سید ناظر عباس تقوی کا الٹی میٹم
یاد رہے کہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر 5 ڈی کی مسجد و امام بارگاہ امیر المومنینؑ سے برآمد ہونے والے جلوس عزا کے خلاف پولیس نے انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، جس میں علمائے کرام سمیت 400 سے 500 مرد و خواتین عزاداروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
شیعہ علمائے کرام اور ملی تنظیموں نے اس مقدمے کو ذکر اہل بیتؑ اور عزاداری کے آئینی حق پر قدغن قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت سے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ جلوس عزا کے خلاف مقدمے کی حمایت میں کالعدم جماعت کی دھمکیاں شہر کی مذہبی ہم آہنگی کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔







