مسلمانوں کو عالمی طاقتوں کے وعدوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ پر توکل کرنا چاہیے، علامہ شبیر حسن میثمی

14 نومبر, 2026 07:52

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کو عالمی طاقتوں کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل توکل کرنا چاہیے اور قرآنی تعلیمات کی روشنی میں امت مسلمہ کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے عالمی طاقتوں کی پالیسیوں اور خطے میں جاری تنازعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معاملات کو سمجھنے کے لیے ان کے پس منظر، مفادات اور زمینی حقائق کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے شہید سید حسن نصراللہ اور دیگر شہدائے مقاومت کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء نے مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی خدمت کی اور اپنی قربانیوں سے حسینی راستے کو زندہ رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک ایران تعاون کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

انہوں نے یمن، فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگی تنازعات میں عام شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے اسلامی ممالک کو باہمی اختلافات ختم کر کے مظلوموں کی حمایت کے لیے متحد ہونا چاہیے اور حکومت پاکستان و اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو جنگ بندی اور امن کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

خطبے کے اختتام پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مؤمنین کو تقویٰ الٰہی، توبہ و استغفار، صبر، خود احتسابی، شادی بیاہ میں سادگی اپنانے اور موجودہ معاشی حالات میں اسراف سے اجتناب کرتے ہوئے ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی تلقین کی۔

8:05 صبح نومبر 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔