برطانوی بحریہ اور فضائیہ دہشت گرد، ایم آئی 6 معاند گروہ قرار، ایرانی وزارت خارجہ
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اتوار یکم نومبر کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ برطانوی رائل نیوی اور رائل ایئر فورس کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کو ’’معاند گروہ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ فیصلہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قرارداد کی روشنی میں اور گزشتہ ایک سال کے دوران برطانوی حکومت کے معاندانہ اقدامات کے جواب میں کیا گیا ہے، جن میں ایران پر مسلط امریکی صیہونی جارحیت میں شرکت، اپنے دائرہ اختیار میں موجود فوجی اور لاجسٹک اڈوں تک رسائی دینا اور 13 جولائی 2026 کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو ’’اسٹیٹ تھریٹس ایکٹ‘‘ کے تحت نامزد کرنا شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یورپ کیلئے سرخ لکیریں ماضی کا قصہ بن چکیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی
ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ برطانوی رائل نیوی اور رائل ایئر فورس پر ’’امریکہ کی جانب سے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد قرار دینے کے جوابی اقدامات‘‘ کا قانون لاگو ہوگا، جبکہ ایم آئی 6 پر جاسوسی اور غاصب اسرائیل و معاند ریاستوں کے ساتھ تعاون کی سزاؤں میں اضافے کے قانون کی شقیں نافذ ہوں گی۔
بیان میں برطانوی حکومت کی ایران مخالف پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے منافی ہیں، اور ایران کے یہ فیصلے بین الاقوامی قانون کے معیارات اور جوابی اقدام کے اصول کے مطابق ہیں جن کے نتائج کی ذمہ داری برطانوی حکومت پر عائد ہوگی۔







