آبنائے ہرمز سے ضوابط توڑنے والا کوئی جہاز نہیں گزر سکے گا، جنرل عبداللہی
شیعیت نیوز : ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل عبداللہی نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری اور زمینی افواج کو خلیج فارس کے ساحلی علاقوں، جزائر اور آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور اس علاقے میں ہر قسم کی آمد و رفت کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے اس دعوے کے برخلاف کہ آبنائے ہرمز کھلی اور آزاد ہے، یہ اسٹریٹجک آبی گزرگاہ مکمل طور پر بند ہے اور سپاہ پاسداران کی طاقتور بحریہ کے کنٹرول اور نگرانی میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : زنگ آلود امریکی جنگی جہاز خلیج فارس میں داخل نہیں ہو سکیں گے، جنرل عبداللہی
بحیرہ عمان کے ساحلی علاقوں کے دورے کے دوران میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ ایرانی فوج کی بحری اور زمینی افواج مکمل تیاری اور بلند حوصلے کے ساتھ بحیرہ عمان کے کھلے پانیوں کی نگرانی کر رہی ہیں، دشمن کی ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے، اور خلیج فارس، اس کے جزائر، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز کے مشرقی و مغربی حصے ایرانی مسلح افواج کے مکمل کنٹرول میں ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو جہاز مقررہ راستے اور ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزرنے کی کوشش کرے گا اس کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی اور اسے شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ انہوں نے ایرانی فوج، سپاہ پاسداران اور بسیج کے جانثار اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔






