مغربی ایشیا میں سلامتی اندرونی بنیادوں پر قائم ہو، میجر جنرل محسن رضائی
شیعیت نیوز : ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل محسن رضائی نے ایران، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان علاقائی سلامتی اور استحکام سے متعلق چار فریقی اجلاس کے اختتام پر کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں سلامتی اندرونی بنیادوں پر قائم ہونی چاہیے اور ہر قسم کی بیرونی مداخلت کو روکا جانا چاہیے۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان کے مطابق چاروں ممالک کی یہ پہلی نشست 26 اکتوبر کو تہران میں میجر جنرل محسن رضائی کی میزبانی میں ہوئی، جس میں سعودی رجیم کے وزیر دفاع خالد بن سلمان، پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکیہ کی انٹیلی جنس کے سربراہ ابراہیم کالن نے شرکت کی، اور شرکاء نے باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
میجر جنرل محسن رضائی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ یہ علاقائی تعاون بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا، اور ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے دوروں نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکی دھمکیوں کا دنیا کے ممالک پر زیادہ اثر نہیں ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں : تہران اجلاس خطے میں مقامی سلامتی نظام کی جانب اہم قدم ہوگا، علی باقری کنی
انہوں نے کہا کہ تیسری مسلط کردہ جنگ میں ایرانی قوم کی مزاحمت اور مسلح افواج کی طاقت کے نتیجے میں خطے میں ایک نئی اور مثبت فضا پیدا ہوئی ہے، جس کا اظہار اجلاس کی گفتگو میں بھی ہوا، اور شریک ممالک کے حکام اس بات پر متفق تھے کہ خطے کے مسائل کا حل چاروں ممالک کے باہمی تعاون میں ہے۔
محسن رضائی کے مطابق اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ غاصب صیہونی حکومت جنوبی لبنان، جنوبی شام، غزہ اور دریائے اردن کے مغربی کنارے سے پیچھے ہٹے اور اپنی جارحیت بند کرے۔






