رہبر شہید کی قربانی نے عالم اسلام کو مقاومت، استقامت اور ولایت کا پیغام دیا، علامہ سید ظہیر الحسنین شیرازی
شیعیت نیوز : حجت الاسلام سید ظہیر الحسنین شیرازی نے کہا ہے کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے انقلاب اسلامی برپا کر کے شہنشاہی نظام کا خاتمہ کیا جبکہ رہبر شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اپنی مدبرانہ قیادت کے ذریعے انقلاب اسلامی کی حفاظت کی، اسے استحکام بخشا اور اس مقام تک پہنچایا جہاں آج امریکہ اور اسرائیل جیسی استکباری طاقتیں ذلت اور شکست سے دوچار ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام یہ کہتے تھے کہ چودہ سو سال قبل واقعۂ کربلا کے بارے میں صرف سنا تھا لیکن آج ایران کی غیور اور مقاوم قوم نے عملی طور پر امام حسین علیہ السلام کے راستے پر ثابت قدمی، ایثار اور مقاومت کا مظاہرہ کر کے اس پیغام کو زندہ کر دیا ہے۔
حجت الاسلام شیرازی نے کہا کہ ایران نے جس حکمت عملی، صبر اور استقامت کے ساتھ عالمی استکبار کا مقابلہ کیا، اس کی مثال معاصر تاریخ میں نہیں ملتی۔ آئندہ دنیا میں ہونے والی جنگوں اور دفاعی حکمت عملیوں میں ایران کے تجربات کو بطور نمونہ دیکھا جائے گا کیونکہ اس نے دنیا کی بڑی طاقتوں کے مقابلے میں غیر معمولی مقاومت کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : شیعہ علماء کونسل نے عزاداری پر پابندیوں کو مسترد کر دیا، 2 اگست کو احتجاج کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مقاومت نے عالمی سطح پر اس کے مقام کو مزید مستحکم کیا اور ثابت کر دیا کہ استقامت اور عوامی حمایت کے ذریعے بڑی سے بڑی طاقت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کو کمزور کرنے کے دعوے کرتا رہا لیکن ایرانی عوام نے میدان میں ثابت قدم رہ کر اپنے نظام اور رہبر انقلاب سے مکمل وفاداری کا ثبوت دیا۔
انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی اس مشکل مرحلے میں ایران کے ساتھ تعاون کیا اور مثبت سفارتی کردار ادا کیا، جو قابل قدر ہے۔
حجت الاسلام سید ظہیر الحسنین شیرازی نے کہا کہ اگر عالم اسلام کی تمام اسلامی قوتیں متحد ہو جائیں تو استکباری طاقتوں کے لیے خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔
انہوں نے رہبر شہید کی تشییع جنازہ اور نماز جنازہ میں لاکھوں افراد کی شرکت کو ایرانی عوام کی اپنے نظام، انقلاب اسلامی اور ولایت فقیہ سے والہانہ وابستگی کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نظام ولایت فقیہ درحقیقت امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے نظام کا تسلسل اور حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے معنوی اتصال کا مظہر ہے اور ان شاء اللہ یہ نظام ظہور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف تک قائم و دائم رہے گا۔
انہوں نے آخر میں نوجوانوں اور تمام ملت اسلامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ولی فقیہ اور رہبر معظم کی اطاعت ہی درحقیقت اسلام اور اہل بیت علیہم السلام کے راستے پر استقامت کی ضمانت ہے۔







