حرم امام حسینؑ کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ، کربلا اور بلتستان کے دینی روابط مزید مستحکم کرنے پر اتفاق
وفد حرم امام حسینؑ
شیعیت نیوز : بزرگ عالمِ دین اور امام جمعہ و الجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی جانب سے گزشتہ شب ایک مقامی ریسٹورنٹ میں حرمِ مطہر امام حسین علیہ السلام کربلا سے تشریف لانے والے معزز وفد کے اعزاز میں پُرخلوص دعوتِ عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں بلتستان کے علمائے کرام، صدر انجمنِ امامیہ بلتستان حجۃ الاسلام آغا سید باقر الحسینی اور مرکزی کابینہ کے اراکین نے خصوصی شرکت کی۔ حرمِ امام حسینؑ کے معزز وفد میں مرکز اصحاب الکسا عالمی رہنمائی مرکز کے مدیر جناب شیخ احمد رشید الطرفی، معاونِ علمی جناب شیخ احمد الفتلاوی اور اردو زبان کے مسؤل جناب شیخ صالح علی نوری کربلائی شامل تھے۔
اس بابرکت پروگرام میں دینی، تبلیغی، تعلیمی اور زیارتی امور سمیت کربلا و بلتستان کے درمیان برادرانہ روابط کے فروغ پر نہایت مفید گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر صدر انجمنِ امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی نے وفد کے سامنے دو انتہائی اہم درخواستیں پیش کیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ کربلا میں مقیم بلتستانی نوجوانوں کو درپیش قانونی اور انتظامی مشکلات میں ان کا خصوصی خیال رکھا جائے اور حرمِ مطہر کے مختلف شعبہ جات میں انہیں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ معاشی مشکلات پر قابو پا سکیں۔ دوسری درخواست میں انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بالخصوص بلتستان سے آنے والے زائرینِ امام حسینؑ کے مسائل اور ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون کا دائرہ وسیع کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : آل سعود کی بدترین خباثت، خانہ کعبہ کے اطراف زائرین پر حملے کی سعودی سازش بے نقاب
حرمِ امام حسینؑ کے وفد نے ان دونوں تجاویز کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اپنی استطاعت کے مطابق مکمل تعاون اور رہنمائی کا یقین دلایا۔ ملاقات کے اختتام پر وفد نے بلتستان کی دینی و اجتماعی اہمیت اور علمائے کرام بالخصوص علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی دیرینہ دینی و وحدت بخش خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی صحت، سلامتی اور طولِ عمر کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس اہم نشست میں شیخ زاہد حسین زاہدی، آغا سید احمد حسینی، شیخ ذاکر آغا اور ترجمان آغا زمانی سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ یہ ملاقات زائرین کی خدمت اور مؤمنین کی فلاح و بہبود جیسے مشترکہ اہداف کے حصول کی جانب ایک انتہائی اہم قدم قرار دی گئی ہے۔







