اسلام آباد معاہدے کی 7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی، محمد باقر قالیباف
محمد باقر قالیباف
شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ ایران کا مؤقف قطعی ہے اور جب تک اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق ایران کی سات شرائط پوری نہیں کی جاتیں، آبنائے ہرمز کسی صورت نہیں کھلے گی۔ پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہفتہ پولیس کی مناسبت سے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے سمیت مسلح افواج کی معاشی حالت بہتر بنانے کو پارلیمنٹ کی اولین ترجیح قرار دیا۔
اسپیکر محمد باقر قالیباف نے جاپان میں منعقدہ ایشین گیمز (ناگویا) میں ایرانی دستے کی شاندار کارکردگی اور خواتین کھلاڑیوں کے 3 طلائی تمغوں سمیت مجموعی طور پر 52 تمغے جیتنے کو تاریخی ریکارڈ قرار دے کر سراہا۔ بعد ازاں، 7 اکتوبر کے تاریخی معرکے کا ذکر کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ یہ خطے کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ہے، جہاں فلسطینی مجاہدین نے غاصب صہیونی ریاست کی سلامتی کے کھوکھلے تصور کو زمین بوس کر دیا اور آج اسرائیل کو عالمی سطح پر سنگین اور ناقابلِ حل چیلنجز کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی رجیم کے دارالحکومت ریاض میں آرامکو تنصیبات پر یمنی میزائل اور ڈرون حملے، شدید آگ بھڑک اٹھی
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خطے میں امریکی خفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایرانی عوام کی مزاحمت کے سامنے بے بس ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن یک طرفہ مطالبات مسلط کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، جبکہ یہ دور اب گزر چکا ہے۔ امریکی حکام کے مذاکرات اور جنگ کی دھمکیوں پر مبنی متضاد بیانات کا واحد مقصد ایرانی معاشرے میں ذہنی انتشار پیدا کرنا ہے۔ تاہم، ایران اپنی قومی سلامتی اور حکمت عملی کو امریکی حکام کے روزانہ کے بیانات یا سوشل میڈیا پوسٹس پر نہیں، بلکہ ان کے حقیقی اقدامات کی بنیاد پر طے کرتا ہے۔
قالیباف نے مزید کہا کہ ایران کی حکمت عملی اقتدار اور عقلانیت پر مبنی ہے؛ ہم نہ تو خوفزدہ ہوں گے اور نہ ہی کوئی جذباتی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سفارت کاری میں کامیابی اسی کو ملتی ہے جو میدانِ جنگ کے لیے بھی مکمل تیار ہو، اور آج ایران اور مزاحمتی محاذ قومی اتحاد اور دفاعی صلاحیت کے اعتبار سے اپنی طاقت کے عروج پر ہیں۔







