ایم ڈبلیو ایم سندھ کی صوبائی کابینہ کا آنلائن اہم اجلاس
مجلس وحدت مسلمین
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان سندھ کی صوبائی کابینہ کا اہم آن لائن اجلاس صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی فعالیت، ملکی سیاسی صورتحال اور 23 اکتوبر کو شہدائے جیکب آباد کی برسی کے موقع پر ’’عظمتِ شہداء کانفرنس‘‘ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قائدِ وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔ مجلس وحدت مسلمین تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے اس جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ عمران خان سمیت ملک میں موجود تمام سیاسی قیدیوں کے حوالے سے شفاف قانونی عمل یقینی بنایا جائے اور بلاجواز قید افراد کو فی الفور رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو سیاسی و آئینی طریقے سے ہی حل ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : قم میں شہدائے مقاومت کانفرنس کا انعقاد، شہید سید حسن نصراللہ اور دیگر شہدائے مقاومت کو خراجِ عقیدت
انہوں نے تنظیمی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ 23 اکتوبر کو جیکب آباد میں ہونے والے پروگرام کو مؤثر بنانے کے لیے رابطہ مہم تیز کی جائے۔ اجلاس میں صوبائی سینئر نائب صدر میر فائق علی خان جکھرانی اور جنرل سیکرٹری آغا منور حسین جعفری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برسی میں صوبے بھر سے کارکنان شریک ہوں گے اور ایم ڈبلیو ایم سندھ قائد وحدت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی مولانا منور حسین سولنگی نے اضلاع کی کارکردگی بہتر بنانے اور کارکنان سے رابطے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔
صوبائی سیکرٹری نشر و اشاعت مولانا سید اختر حسین نقوی نے پیغامِ شہداء کو عام کرنے کے لیے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے منظم استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ صوبائی سیکرٹری سیاست سید غلام شاہ نے آئین و جمہوری حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ صوبائی سیکرٹری میڈیا مستنصر مہدی ابڑو نے اعلان کیا کہ شہدائے جیکب آباد کی برسی اور عظمتِ شہداء کانفرنس کے سلسلے میں کل سے باقاعدہ میڈیا مہم کا آغاز کر دیا جائے گا۔







