قم میں شہدائے مقاومت کانفرنس کا انعقاد، شہید سید حسن نصراللہ اور دیگر شہدائے مقاومت کو خراجِ عقیدت

03 اکتوبر, 2026 09:42

شیعیت نیوز : یکم اکتوبر 2026ء کو قم المقدسہ کے مرکزی کانفرنس ہال الغدیر میں شہید سید حسن نصراللہ، شہید سید ہاشم صفی الدین اور محاذ مقاومت کے دیگر شہداء کی یاد میں عظیم الشان ’’شہدائے مقاومت کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین، شعبۂ قم کے زیر اہتمام منعقدہ اس کانفرنس میں مختلف ممالک کے علما، دینی و سیاسی شخصیات اور مقاومتی تحریکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہادِ اسلامی فلسطین کے نمائندے ناصر ابوشریف نے شہید سید حسن نصراللہ کی بے مثال قائدانہ صلاحیتوں اور مسئلہ فلسطین کے لیے ان کی گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : فلاحی اداروں کی سرگرمیوں کو محض ظاہری خدمات کے بجائے مقاصد اور شفافیت پر پرکھا جائے، آغا سید طہٰ شمس الدین الموسوی

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمہوریہ اسلامی ایران میں یمن کی انقلابی حکومت کے سفیر محمد ابراہیم الدیلمی نے انصار اللہ پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو لوگ مسجد الاقصیٰ کے دفاع کے لیے جانیں قربان کر رہے ہیں، وہ خانہ کعبہ یا اسلامی مقدسات پر حملے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے 2015ء میں یمن پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران پاکستان اور بالخصوص مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے یمنی عوام کی بھرپور حمایت پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

دفترِ تبلیغاتِ اسلامی حوزۂ علمیہ قم کے تحقیقی شعبے کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین نجف لک زائی نے شہید سید حسن نصراللہ کی تنظیمی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انفرادی قربانیوں کے جذبے کو ایک منظم اور متحد مزاحمتی تحریک میں بدلنے کو ان کا سب سے بڑا کارنامہ قرار دیا۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے جید علما، شیعہ علما کونسل، تحریک بیداری امتِ اسلامی اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جبکہ اختتام پر ایم ڈبلیو ایم قم کے رہنما علامہ سید ذیشان حیدر الحسنی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

10:59 صبح اکتوبر 3, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔