فلاحی اداروں کی سرگرمیوں کو محض ظاہری خدمات کے بجائے مقاصد اور شفافیت پر پرکھا جائے، آغا سید طہٰ شمس الدین الموسوی

03 اکتوبر, 2026 09:39

شیعیت نیوز : صدر علماء امامیہ شگر، حجۃ الاسلام آغا سید طہٰ شمس الدین الموسوی نے جامع مسجد صاحب الزمان میں نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جاری انسانی بحرانوں، جنگوں اور غربت کے سائے میں کام کرنے والے فلاحی اداروں اور این جی اوز (NGOs) کی سرگرمیوں کو محض ان کی ظاہری خدمات کی بنیاد پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔ عوام اور بالخصوص نوجوان نسل کو ان اداروں کے مقاصد، طریقۂ کار، شفافیت اور معاشرے پر مرتب ہونے والے طویل المدتی اثرات کا گہرائی سے جائزہ لینا چاہیے۔

انہوں نے عالمی فلاحی اداروں کی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر انسانی فلاح واقعی ان کی بنیادی ترجیح ہے تو غزہ اور یمن جیسے جنگ زدہ اور بدترین انسانی بحران کا شکار خطوں میں ان کی سرگرمیاں اس قدر محدود کیوں دکھائی دیتی ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ دینِ اسلام میں انسانی خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور ائمۂ اطہار علیہم السلام کی سیرت اس کی روشن مثال ہے، لیکن فلاحی سرگرمیوں کو وسیع تر انسانی اور اخلاقی تناظر میں دیکھنا لازمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : معاشرتی برائیوں کا خاتمہ اور اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت، برطرف لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بحال کیا جائے، علامہ شیخ حسن جعفری

آغا سید طہٰ شمس الدین الموسوی نے خبردار کیا کہ بعض ادارے فلاحی سرگرمیوں کی آڑ میں ایسے نظریات اور سماجی تصورات بھی متعارف کرا سکتے ہیں جو مقامی معاشرے کی روایات، اقدار اور دینی شناخت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کسی بھی غیر سرکاری ادارے کو نہ تو بلا تحقیق مکمل مسترد کریں اور نہ ہی آنکھیں بند کر کے تسلیم کر لیں، بلکہ جذبات کے بجائے شعوری اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں۔ انہوں نے بلتستان، بالخصوص شگر کے علاقے چھورکاہ میں ایک این جی او کے حوالے سے جاری حالیہ بحث کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حمایت یا مخالفت میں مؤقف اپنانے والوں کو دینی اور سماجی اعتبار سے اس کا جائزہ لینا چاہیے۔

خطبے کے آخر میں انہوں نے چھورکاہ اور پورے بلتستان میں محسنِ ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی کی عظیم دینی و تعلیمی خدمات اور محمدیہ ٹرسٹ کے تعلیمی کردار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ فلاحی خدمات کی قدر ضرور کریں مگر اپنی دینی شناخت اور روایات کے تحفظ کو ہمیشہ مقدم رکھیں اور ہر فیصلہ معلومات، شفافیت اور شعوری جائزے کی بنیاد پر کریں۔

10:59 صبح اکتوبر 3, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔