معاشرتی برائیوں کا خاتمہ اور اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت، برطرف لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بحال کیا جائے، علامہ شیخ حسن جعفری
علامہ شیخ محمد حسن جعفری
شیعیت نیوز : مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے معاشرتی برائیوں، ناپ تول میں کمی اور حقوق العباد میں خیانت پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے سورۂ مطففین اور سورۂ انفال کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ دیانت داری صرف دنیاوی معاملہ نہیں بلکہ آخرت کی جواب دہی سے جڑا ہے، اور کرپشن، بے حیائی، سودی کاروبار اور فرقہ پرستی جیسے فتنے جب معاشرے میں عام ہو جائیں تو پوری قوم اس کی لپیٹ میں آ جاتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے معاشرے میں برائی کے فروغ کو روکنا چاہیے۔ اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خطیب جمعہ نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے محض نعرے کافی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے اسلامی تشخص کا احترام عملی طور پر ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : منافقین ہر دور میں امت کے لیے خطرہ، سوشل میڈیا کو دفاع حق کا ہتھیار بنائیں، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے خبردار کیا کہ کسی مسلمان کو کافر قرار دینا (تکفیر) انتہائی سنگین معاملہ ہے، جس پر شیعہ اور سنی دونوں مصادر میں سخت شرعی تنبیہات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام معاشرے میں اخوت، رواداری، امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ امت کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
خطبے کے آخر میں انہوں نے عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں فنڈز کی کمی کا جواز بنا کر 600 سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کی برطرفی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے ان کی فوری بحالی کا پرزور مطالبہ کیا۔







