منافقین ہر دور میں امت کے لیے خطرہ، سوشل میڈیا کو دفاع حق کا ہتھیار بنائیں، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : امام جمعہ جیکب آباد علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں نمازِ جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منافقین ہر دور میں دینِ اسلام اور امت مسلمہ کے لیے سنگین خطرہ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ جنگی حالات میں مومنین سوشل میڈیا کو محض تفریح کا ذریعہ سمجھنے کے بجائے اسے دفاعِ حق اور تبلیغِ دین کے مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کریں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے سورۂ منافقون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تاریخِ اسلام گواہ ہے کہ منافقین نے ہمیشہ اسلام کو اندر سے نقصان پہنچانے کی سازشیں کیں۔ عہدِ رسالتؐ میں مسجدِ ضرار کا قیام ہو یا امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کے خلاف محاذ آرائی، منافقین ہمیشہ پیش پیش رہے۔ آج بھی دشمن فرقہ وارانہ نفرتوں کو ہوا دے کر امتِ مسلمہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کا مقابلہ شعوری بیداری، بصیرت اور اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بیدار اور شجاع مومنین کو سوشل میڈیا پرجھوٹے پروپیگنڈے کا علمی اور مدلل جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے خطے کی بدلتی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے اور اماراتی صدر سے ملاقات کو اہم قرار دیتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا۔ دوسری جانب، انہوں نے رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے شہید سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی پر جاری کیے گئے پیغام کو اہلِ ایمان کے لیے بصیرت کا ذریعہ قرار دیا اور شہیدِ مقاومت کے تاریخی کردار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
امام جمعہ جیکب آباد نے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 23 اکتوبر کو جیکب آباد میں سانحۂ شبِ عاشور کے شہداء کی گیارہویں برسی کی مناسبت سے عظیم الشان ’’عظمتِ شہداء کانفرنس‘‘ منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں سندھ اور بلوچستان بھر سے علما، اکابرین، دینی و سماجی شخصیات اور مومنین کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے راہِ حق کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور نئی نسل کو ان کے پیغام سے روشناس کرانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔







