پاراچنار کو فحاشی اور منشیات سمیت سماجی برائیوں سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، مولانا نور حسین نجفی
مولانا نور حسین نجفی
شیعیت نیوز : خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے مرکزی شہر پاراچنار میں نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا نور حسین نجفی نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور دیگر سماجی برائیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اور سخت انتظامات کرنے پر زور دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن اور انصار اللہ کے خلاف مذہبی کارڈ کا استعمال اور حقائق مسخ کرنا افسوسناک ہے: علامہ حسنین گردیزی
اپنے خطبہ جمعہ میں مولانا نور حسین نجفی نے کہا کہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کی فکری و اخلاقی اصلاح کے لیے منظم اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاراچنار شہداء کی پاکیزہ سرزمین ہے، اس لیے اس مقدس دھرتی کو منشیات سمیت دیگر تمام سماجی برائیوں سے پاک رکھنے کے لیے خصوصی توجہ درکار ہے۔ انہوں نے ضلع کرم کے متعلقہ حکام اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ منشیات کے پھیلاؤ اور معاشرتی بگاڑ کو روکنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کریں۔
خطبے کے اختتام پر مولانا نور حسین نجفی نے محاذ مقاومت بالخصوص اسلامی جمہوریہ ایران، انصار اللہ یمن اور حزب اللہ لبنان کے مجاہدین کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور ان کی کامیابی، سلامتی اور ہر میدان میں سرخروئی کے لیے بارگاہ الہیٰ میں التجا کی۔







