یمن اور انصار اللہ کے خلاف مذہبی کارڈ کا استعمال اور حقائق مسخ کرنا افسوسناک ہے: علامہ حسنین گردیزی

02 اکتوبر, 2026 18:49

شیعیت نیوز : جامع مسجد علی ابنِ ابی طالب بھارہ کہو اسلام آباد کے خطیبِ جمعہ، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا ہے کہ یمن اور انصار اللہ کے خلاف مذہبی کارڈ استعمال کرکے حقائق کو مسخ کرنے کی مذموم کوششیں کی جا رہی ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں۔

نمازِ جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسنین عباس گردیزی نے بعض مذہبی حلقوں کے دہرے معیار پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جب یمن کے نہتے عوام پر بمباری اور حملے ہوتے ہیں تو یہ حلقے مجرمانہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، لیکن جیسے ہی انصار اللہ کی جانب سے اپنے دفاع میں کوئی جوابی کارروائی کی خبر آتی ہے، تو فوراً مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے بیانات کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منافقانہ طرزِ عمل نہ تو انصاف پر مبنی ہے اور نہ ہی قرآن کی تعلیمات کے مطابق ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دشمن نے دوبارہ حماقت کی تو ایران طاقت کے مزید نئے پہلو سامنے لائے گا، آیت اللہ علی رضا اعرافی

مدینہ منورہ میں مبینہ ڈرون حملے کے حوالے سے سامنے آنے والے مختلف دعوؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے خطیبِ جمعہ نے کہا کہ قرآن مجید کے واضح اصول «فَتَبَيَّنُوا» (تحقیق کر لیا کرو) کے مطابق کسی بھی خبر کو پھیلانے سے قبل اس کی مکمل تحقیق ضروری ہے۔ کسی بھی الزام کو بغیر تصدیق کے تسلیم کر لینا شرعاً درست نہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی عقیدت و احترام کے مقامات ہیں، لیکن ان مقدس مقامات کے نام اور آڑ میں فرقہ واریت کو ہوا دینا اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنا ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔

علامہ حسنین گردیزی نے زور دیا کہ یمن کے مسئلے کو فرقہ وارانہ عینک کے بجائے عدل، زمینی حقائق اور وسیع تر علاقائی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے عوام تک مستند اور درست معلومات پہنچائیں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کے بجائے اتحاد، اخوت اور انصاف کی دعوت دیں۔

7:58 شام اکتوبر 2, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔