دشمن نے دوبارہ حماقت کی تو ایران طاقت کے مزید نئے پہلو سامنے لائے گا، آیت اللہ علی رضا اعرافی

02 اکتوبر, 2026 18:47

شیعیت نیوز : مدیر حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے قم المقدسہ میں نمازِ جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ جنگ نے ایران اور مزاحمتی محاذ کی طاقت کے نئے پہلو دنیا کے سامنے آشکار کر دیے ہیں۔ انہوں نے دشمن کو سخت انتباہ دیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں اور طاقت کے مزید نئے اور حیران کن پہلو سامنے لائے گا۔

تفصیلات کے مطابق، آیت اللہ اعرافی نے اپنے خطبے کے آغاز میں نمازیوں کو تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے اسے شیطانی سازشوں کے خلاف ایک مضبوط ڈھال قرار دیا۔ انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی علمی و فقہی خدمات کو سراہا۔ ہفتۂ دفاع مقدس کی مناسبت سے شہداء اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ سماجی مسائل، بالخصوص حجاب و عفاف کے حوالے سے متعلقہ ادارے جہادی اور انقلابی انداز اپنائیں اور قم المقدسہ کی دینی و اخلاقی شناخت کا تحفظ یقینی بنائیں۔ انہوں نے سائنسی و دفاعی میدان میں ایرانی نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لیے ان کی بھرپور سرپرستی کا مطالبہ کیا۔

موجودہ دور کی "جنگِ روایت” (War of Narratives) پر گفتگو کرتے ہوئے خطیبِ جمعہ نے کہا کہ دشمن ہزاروں ذرائع ابلاغ کے ذریعے حقائق مسخ کر رہا ہے، جس کے مقابلے کے لیے عوام کو بصیرت اور مضبوط فکری استقامت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ جنگ کے نتیجے میں امریکہ اور اسرائیل کے ناقابلِ تسخیر ہونے کا تصور باطل ہو چکا ہے اور ایرانی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ براہ راست امریکہ کے مقابلے میں سینہ سپر ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کو علاقائی جنگوں سے دور رکھا جائے، علامہ سید جواد نقوی

آیت اللہ اعرافی نے غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کے باوجود بعض عرب ممالک کی جانب سے اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں اور معاہدوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ مسلم اقوام ان حکمرانوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گی اور ایک دن ان سے ان کے مجرمانہ کردار کا ضرور حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ حالیہ حالات کے بعد ماضی کی احتیاطی حکمتِ عملی تبدیل ہو چکی ہے اور خطے میں طاقت کے توازن نے نیا رخ اختیار کیا ہے۔ آبنائے ہرمز اور باب المندب کی اسٹریٹجک اہمیت مزید واضح ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے خلاف براہِ راست کارروائی کی گئی تو ملک اپنی ان صلاحیتوں اور اقدامات کو بروئے کار لائے گا جنہیں ابھی تک پوشیدہ رکھا گیا ہے۔

7:58 شام اکتوبر 2, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔