فلسطین و لبنان پر اسرائیلی جارحیت ناقابل قبول، شیعہ سنی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : جامعہ المصطفیٰ خاتم النبیین جیکب آباد میں 40 سے زائد علمائے کرام کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین علامہ مقصود علی ڈومکی نے واضح کیا ہے کہ فلسطین اور لبنان پر غاصب اسرائیل کی جاری بربریت ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہر غیرت مند مسلمان کی دینی اور انسانی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مجلسِ علماء مکتب اہلبیت اور آئی ایس او پاکستان کا مشترکہ اجلاس، علماء اور نوجوانوں کے مضبوط ارتباط پر زور
علامہ مقصود علی ڈومکی نے بعض مسلم اور عرب حکمرانوں کی جانب سے غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے امت مسلمہ سے عملی اتحاد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے لبنان پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی اور لبنانی عوام و مزاحمتی محاذ کی استقامت کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار کی روشنی میں وطن عزیز کے استحکام اور امن کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے شیعہ سنی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہلِ سنت ہمارے بھائی ہیں اور ہم صدیوں سے اس خطے میں مل جل کر رہ رہے ہیں۔ فرقہ وارانہ نفرتیں پھیلانے والے عناصر دراصل اسلام دشمن اور سامراجی قوتوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے رہبر انقلاب اسلامی کے حالیہ پیغام کو تاریکی میں روشنی کی کرن قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد اور عہدِ وفا کا اعادہ کیا۔ پریس کانفرنس میں علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ مشتاق حسین عمرانی، علامہ ذوالفقار علی سعیدی، علامہ برکت علی مطہری اور دیگر ممتاز علمائے کرام بھی شریک تھے۔







