حکومت امریکی دباؤ ٹھکرا کر ایران سے پٹرول درآمد کرے، فضائی پابندیاں قابل مذمت، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے مختلف مقامات پر مومنین کرام سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی فضائی کمپنیوں پر امریکی پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک خودمختار اسلامی ملک کے خلاف یکطرفہ امریکی پابندیاں انتہائی قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہیں۔ امریکہ کی جانب سے رواں ماہ ایران کے فضائی شعبے پر وسیع پابندیوں سے مختلف ممالک میں ایرانی پروازوں کے لیے جو مشکلات پیدا کی گئی ہیں، وہ استکباری بدمعاشی کی کھلی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو امریکی دباؤ اور شیطانی طاقتوں کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ مسلم حکمران غلامی کی پالیسی سے نکل کر امتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات، خودمختاری اور آزاد خارجہ پالیسی کو ترجیح دیں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے حکومتِ پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ امریکی پابندیوں کو ٹھکرا کر توانائی کے سنگین بحران کے حل اور عوام کے مفاد میں ایران سے پٹرول اور گیس درآمد کرے تاکہ قوم کو 50 روپے لیٹر سستا پٹرول فراہم کیا جا سکے۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور معاشی تعاون کے لیے اپنا سفارتی کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ عارف واحدی کا منڈی بہاؤالدین میں سید شاہد عباس کاظمی کی رسمِ قل اور مجلسِ عزا سے خطاب
علامہ مقصود علی ڈومکی نے 27 ستمبر کو شہید سید حسن نصر اللہ کی برسی کے موقع پر ان کی بے مثال جدوجہد اور مظلومین کی حمایت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں نئی نسل کے لیے حق پر ثابت قدمی اور استقامت کا پیغام ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا کو تعلیم، تبلیغ، فکری رہنمائی اور بیانیہ سازی کا اہم میدان قرار دیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے جعفریہ الائنس لاڑکانہ ڈویژن کے صدر زوار وزیر علی مشہدی سے ملاقات کی، ان کی عیادت کی اور انہیں زیاراتِ مقاماتِ مقدسہ کی مبارکباد پیش کی۔







