عالمی استکبار کے مقابلے میں امت کی بیداری ناگزیر ہے، علامہ سید جواد نقوی
علامہ سید جواد نقوی
شیعیت نیوز : سربراہ تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ پاکستان اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے مہتمم علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ دین کو محض عبادات تک محدود کرنا اس کی جامعیت کی نفی ہے، اسلام ایک مکمل اجتماعی، سیاسی اور فکری نظامِ حیات ہے۔ مسجد بیت العتیق لاہور میں نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تقویٰ، امت سازی، نظامِ امامت، تعلیمِ کتاب و حکمت اور موجودہ عالمی حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسان ایک اجتماعی مخلوق ہے اور دین کی ہدایات فرد کے ساتھ ساتھ معاشرے پر بھی یکساں لاگو ہوتی ہیں۔ علامہ جواد نقوی نے اصلاح اور انقلاب کا فرق بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ کریم کا مقصد صرف قراءت نہیں بلکہ اس کے نظامِ ہدایت کو سمجھ کر زندگی میں نافذ کرنا ہے۔ انہوں نے انبیائے الٰہی اور بالخصوص حضرت ابراہیمؑ کی امت سازی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں ائمہ علیہم السلام اور علمائے حق کے ذریعے دینی رہنمائی کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے، تاکہ نئی نسل کو دین کی حقیقی اور جامع شناخت مل سکے اور وہ استکباری سازشوں کا مقابلہ کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں : فضائی پابندیوں پر فوجی کارروائی کی خبریں بے بنیاد ہیں، ایرانی قومی سلامتی کونسل
خطبے کے دوسرے حصے میں خطے اور عالمی حالات، بالخصوص مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی مظالم اور مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے والے بے حس مسلم حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے خطیبِ جمعہ نے واضح کیا کہ جب تک عوام میں سیاسی و اجتماعی شعور بیدار نہیں ہوگا، استکباری طاقتوں اور خائن حکمرانوں کے غلط فیصلوں کا تسلسل یونہی جاری رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان کو عالمی استکبار کے دباؤ سے نکل کر امن و استحکام اور مظلومین کی حمایت میں متوازن اور جرات مندانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ خطبے کے اختتام پر مظلوم فلسطینیوں کی کامیابی، امتِ مسلمہ کی بیداری، پاکستان کی سلامتی اور امام زمانہؑ کے ظہور میں تعجیل کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔







