اسلام میں اسراف اور تبذیر کی ممانعت، اللہ کی نعمتوں کا ضیاع ناقدری ہے، سید احمد شاہ الحسینی
شیعیت نیوز : گمبہ سکردو بلتستان کے امام جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد شاہ الحسینی نے خطبۂ جمعہ میں اسراف و تبذیر سے اجتناب اور اعتدالِ زندگی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام انسان کو نعمتوں سے استفادہ کرنے سے نہیں روکتا، بلکہ ان کے غلط، بے جا اور غیر ذمہ دارانہ استعمال سے منع کرتا ہے۔
انہوں نے قرآن و حدیث کے حوالے سے بتایا کہ اسراف جائز چیز میں حد سے بڑھنے اور تبذیر مال کو بے مقصد ضائع کرنے کا نام ہے۔ امام جمعہ نے کہا کہ فضول خرچی سے گھریلو معاشی مسائل پیدا ہوتے ہیں اور شادی بیاہ میں غیر ضروری مقابلہ اور نمود و نمائش فروغ پاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مال ہی نہیں، بلکہ وقت اور صلاحیتوں کا اسراف بھی قابلِ توجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عراق امریکہ کے سامنے کمزوری نہ دکھائے، ایرانی پروازوں پر پابندی زائرین کے خلاف ہے، امام جمعہ بغداد
سید احمد شاہ الحسینی نے کہا کہ اہل بیتؑ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ زندگی اپنی خواہشات کی تکمیل کا نام نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے مطابق نعمتوں کے استعمال اور دوسروں کے حقوق کے خیال کا نام ہے۔ انہوں نے کربلا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عباسؑ کا دریائے فرات پر پہنچ کر بھی پانی نہ پینا ایثار اور دوسروں کے حق کو ترجیح دینے کا عظیم نمونہ ہے۔
خطبے کے اختتام پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کھانے پینے، بجلی اور پانی سمیت تمام نعمتوں کو ضرورت کے مطابق استعمال کریں اور تقریبات میں غیر ضروری رسومات سے پرہیز کریں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں میں قناعت اور نعمتوں کی قدر کا شعور پیدا کریں۔







