عراق امریکہ کے سامنے کمزوری نہ دکھائے، ایرانی پروازوں پر پابندی زائرین کے خلاف ہے، امام جمعہ بغداد
آیت اللہ سید یاسین موسوی
شیعیت نیوز : بغداد کے امام جمعہ آیت اللہ سید یاسین موسوی نے 25 ستمبر 2026 کو نماز جمعہ کے خطبے میں اقوام متحدہ کی کارکردگی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ عالمی امن کے تحفظ اور جنگوں کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے یک قطبی نظام میں امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے مداخلت اور جنگوں کے ذریعے اپنی نوآبادیاتی پالیسیوں کو مسلط کیا ہے، جسے روکنے میں اقوام متحدہ کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کرسکا۔
آیت اللہ موسوی نے بعض عرب اور اسلامی ممالک کے رویوں پر تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ عراق کو امریکہ کے سامنے کمزوری یا ذلت کے ساتھ پیش نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ان قوتوں کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہیے جو ملک کی طاقت اور عزت و وقار کو مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے ایران کو خطے کی ایک اہم طاقت قرار دیا جس نے امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں بھرپور مزاحمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی رجیم کے تکفیری مفتی کی یمنی عوام کے خلاف ہرزہ سرائی، بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کی بوچھاڑ
امام جمعہ بغداد نے ایران سے عراق آنے والی بعض پروازوں پر پابندی کے فیصلے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان پروازوں میں مسافروں کی ایک بڑی تعداد امام حسین علیہ السلام کے زائرین پر مشتمل ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر عراقی و ایرانی حکام اور متعلقہ کمیٹی سے بات کی گئی ہے، تاہم فراہم کی گئی نام نہاد سکیورٹی وجوہات اس اقدام کو ہرگز درست ثابت نہیں کرتیں۔
انہوں نے اپنے اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ ہتھیار ریاستی ڈھانچے کے اندر ہونے چاہئیں، مگر اس معاملے کو دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی قوتوں کو کمزور کرنے یا عراق پر امریکی تسلط مسلط کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ آیت اللہ موسوی نے لبنان اور یمن کی مزاحمتی قوتوں کو سراہتے ہوئے عراقی سیاسی جماعتوں خصوصاً ‘رابطۂ فریم ورک’ سے مطالبہ کیا کہ وہ عراق کے وقار کا تحفظ کریں اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کمزوری اور رعایت دینے کے بجائے عزت و وقار کی بنیاد پر استوار کریں۔







