امریکہ کی اندھی تقلید نے یورپ کو عالمی اثر و رسوخ سے محروم کر دیا، ایرانی صدر
شیعیت نیوز : نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے یورپی کونسل کے صدر آنتونیو کوستا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے یورپ کی امریکہ کے حوالے سے غیر فعال پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دشمنانہ امریکی اقدامات کی اندھی تقلید اور حمایت نے عالمی سطح پر اثرانداز ہونے کی یورپی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
صدر پزشکیان نے اسنیپ بیک میکانزم اور جوہری معاہدے پر یورپی مؤقف کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے نیٹو سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ان بیانات کا حوالہ دیا جن میں ایران کے خلاف جنگ میں یورپی تعاون کا اعتراف کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران توقع رکھتا ہے کہ یورپی ممالک اپنی آزادی برقرار رکھیں گے؛ حالیہ جنگ میں ہم نے یورپ کی بے عملی تو دیکھی لیکن غیر جانبداری ہرگز نہیں دیکھی۔
یہ بھی پڑھیں : نیتن یاہو کا دورہ امریکہ ناکام، ٹرمپ اور ایلون مسک سے ملاقاتیں منسوخ، سکیورٹی خدشات پر قیام مختصر
ملاقات کے دوران جب آنتونیو کوستا نے علاقائی امور میں یورپ کے کردار کی ضرورت پر زور دیا، تو صدر پزشکیان نے دوٹوک جواب دیا کہ امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی کی وجہ سے یورپ نے خود کو اس کردار سے محروم کر لیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے کی سلامتی صرف علاقائی ممالک کے ذریعے ہی یقینی بنائی جا سکتی ہے، جبکہ مغربی مداخلت نے علاقائی اور عالمی سلامتی دونوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔







