امریکی وفاقی جج نے میڈیا اداروں پر ٹرمپ کی عائد کردہ پابندی ختم کر دی
ڈونلڈ ٹرمپ
شیعیت نیوز : ایک امریکی وفاقی جج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تین بڑے میڈیا اداروں سی این این (CNN)، ایم ایس این بی سی (MSNBC) اور پولیٹیکو (Politico) کے صحافیوں کی وائٹ ہاؤس تک رسائی پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔ امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج ٹم کیلی نے ان اداروں کی جانب سے دائر مقدمے کی سماعت کے بعد حکم دیا کہ ان صحافیوں کو وائٹ ہاؤس تک رسائی دوبارہ فراہم کی جائے کیونکہ یہ پابندی ممکنہ طور پر امریکی آئین سے متصادم ہے۔
یہ فیصلہ ڈونلڈ ٹرمپ اور میڈیا کے درمیان جاری تنازعات میں صدر کے لیے ایک بڑا عدالتی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ ان خبر رساں اداروں نے 18 ستمبر کو اعلان کردہ اس پابندی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر موقف اپنایا تھا کہ ان اداروں کو من گھڑت خبریں نشر کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، جبکہ محکمہ انصاف کے وکلاء نے قومی سلامتی کے تحفظات کا حوالہ دے کر پابندی کا دفاع کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں صدر پزشکیان کا خطاب ایرانی قوم کی آواز ہے، میجر جنرل امیر حاتمی
میڈیا اداروں اور صدر ٹرمپ کے درمیان یہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب انہوں نے مذکورہ صحافیوں کو وائٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔ اس پابندی کے خلاف دیگر بڑے امریکی ٹی وی نیٹ ورکس فوکس نیوز، سی بی ایس، اے بی سی اور این بی سی نے بھی صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے اتفاق کیا تھا کہ اگر پابندی نہ ہٹی تو وہ امریکی صدر سے متعلق تقریبات کی مشترکہ کوریج روک دیں گے۔







