مولوی یوسف گرگیچ کی شہادت ایران کے امن اور اتحاد پر حملہ ہے، ایرانی وزارت انٹیلیجنس
مولوی یوسف گرگیچ
شیعیت نیوز : ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے نامور سنی عالم دین اور اتحادِ بین المسلمین کے داعی مولوی یوسف گرگیچ کی مظلومانہ شہادت پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بزدلانہ کارروائی کو ملک کے امن، قومی اتحاد اور سماجی یکجہتی پر حملہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وزارت انٹیلیجنس نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں سیستان و بلوچستان کے عوام اور ملک کے امن و اتحاد سے وابستہ تمام افراد سے تعزیت کی اور اس دہشت گردانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ شہید کا خون ایرانی قوم کے اتحاد اور یکجہتی کی راہ کو مزید روشن کرے گا۔ مولوی یوسف گرگیچ نے اپنی پوری زندگی باہمی اتفاق، ہمدردی، قومی یکجہتی اور مذاہب کے درمیان قربت کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی اور انہوں نے منبر و محراب کو ہمیشہ خدمت، آگاہی اور اتحاد کا مرکز بنائے رکھا۔
یہ بھی پڑھیں : آئیڈیل امامیہ نوجوان محض ایک نعرہ نہیں، فکری اور تربیتی کردار کا نام ہے، سید انجم رضا
پیغام میں واضح کیا گیا کہ ایسی شخصیات کا قتل صرف افراد کے خلاف جرم نہیں بلکہ معاشرے کے امن اور سماجی سرمائے پر کھلا حملہ ہے۔ وزارت انٹیلیجنس نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر، ان کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
وزارت نے دشمنوں کو متنبہ کیا کہ دہشت گردی کبھی اتحاد کی سوچ کو خاموش نہیں کر سکتی، بلکہ اس سے اسلامی اتفاق اور بھائی چارے کا راستہ مزید مضبوط ہوگا۔ ایران کے عوام، بالخصوص سیستان و بلوچستان کے باشعور اور شریف عوام، شہداء کے پاک خون کو شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان تفرقے کا ذریعہ ہرگز نہیں بننے دیں گے، اور مولوی یوسف گرگیچ سمیت تمام شہدائے امن کا راستہ مضبوط اتحاد اور ایران کی سربلندی کا ضامن ہوگا۔







