خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود ایران سے پاکستان کی درآمدات میں نمایاں اضافہ

13 ستمبر, 2026 18:40

شیعیت نیوز : خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران سے پاکستان کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ذرائع وزارت تجارت کے مطابق، جولائی اور اگست 2026 کے دوران ایران سے پاکستان کی درآمدات 17 فیصد اضافے کے بعد 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ حجم 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔ خطے میں کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہیں۔

یہ بھی پڑھیں : صلالہ میں ایران اور خلیجی ممالک کا اجلاس: معروف عرب تجزیہ کار نے کامیابی کی 6 اہم وجوہات بتا دیں

اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 26-2025 کے دوران پاکستان نے ایران سے مجموعی طور پر ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی درآمدات کیں، جو مالی سال 25-2024 کے ایک ارب 24 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ سالوں کی تجارتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ مالی سال 24-2023 میں ایران سے درآمدات کا حجم ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح مالی سال 23-2022 میں یہ حجم 88 کروڑ ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں 77 کروڑ 38 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

یہ تجارتی ترقی پچھلے برسوں سے مسلسل جاری ہے، جہاں مالی سال 21-2020 میں درآمدات کا حجم 51 کروڑ 86 لاکھ ڈالر جبکہ مالی سال 20-2019 میں 44 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ ان اعداد و شمار سے واضح ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور تجارتی حجم میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

7:39 شام ستمبر 13, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔