ایران اور امریکہ اسلام آباد معاہدے کے تحت مذاکرات کی طرف واپس آئیں، پاکستانی سفیر
شیعیت نیوز : اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے امریکہ اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے اور مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے مذاکرات کی طرف واپس آئیں۔ ابوظہبی کے انگریزی روزنامے نیشنل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں جانب سے عمل درآمد کے لیے معمولی آمادگی موجود ہے، تاہم پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ایران اور امریکہ دونوں کے ساتھ اعلیٰ سطح پر فعال اور کھلے رابطے موجود ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ کشیدہ صورتحال کے حل اور جامع و حتمی معاہدے تک پہنچنے کا بہترین راستہ مذاکرات کی میز پر واپسی ہے، جس کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ایک بہترین فریم ورک فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر پاکستان اپریل کی شدید کشیدگی کے دوران جنگ بندی کروا کر فریقین کو یکجا کرنے میں کامیاب ہوا تھا، تو انہیں دوبارہ مذاکرات کی جانب لانے میں بھی ضرور کامیاب ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مشیر رہبرِ معظم انقلاب کی انصار اللہ یمن کو شاندار فتوحات پر مبارکباد
واضح رہے کہ 12 روزہ جنگ اور جنگ رمضان کے دوران امریکہ کی جانب سے ایران پر اس وقت حملے کیے گئے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ مذاکرات جاری تھے۔ ان امریکی اقدامات سے یہ واضح ہو گیا کہ واشنگٹن دراصل سنجیدہ مذاکرات اور گفتگو کے ذریعے مسائل کے پرامن حل کا خواہاں نہیں ہے۔







