الجوف میں سعودی عرب کے 135 فضائی حملے ناکام، زمینی حقائق تبدیل نہ ہو سکے
یمن
شیعیت نیوز : سعودی عرب نے یمن کے مختلف علاقوں بالخصوص صوبہ الجوف میں گزشتہ تین روز کے دوران 135 فضائی حملے کیے ہیں، تاہم وہ اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے اور جنگ کا رخ تبدیل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ المیادین کی رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے الجوف میں اپنے مسلح عناصر کی مدد کے لیے یہ بڑے پیمانے پر حملے کیے، لیکن اس سے زمینی صورتحال میں کوئی قابل ذکر تبدیلی نہیں آئی۔
یہ بھی پڑھیں : اردن کے موفق السلطی اور شہزادہ حسن ایئربیس پر ایرانی میزائلوں کا حملہ
یمنی مسلح افواج کے ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اگر سعودی عرب نے جارحیت جاری رکھی تو جوابی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یمنی فورسز نے جنگ میں ابھی تک اپنے ہائپرسونک میزائلوں یا دیگر خصوصی ڈرونز کا استعمال نہیں کیا ہے۔ دوسری جانب، یمنی فورسز نے صوبہ الجوف کے علاقے الیتمہ میں سعودی حمایت یافتہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے درجنوں فوجی سازوسامان تباہ کر دیے ہیں اور الیتمہ بازار سمیت تمام اہم علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ یمنی فورسز الجوف کے تمام محاذوں پر دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔







