قم میں مرحوم آغا سید عباس رضوی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
شیعیت نیوز : طلاب یولتر سکردو کے زیر اہتمام مجمع طلاب سکردو قم کے دفتر میں مرحوم آغا سید عباس رضوی (رح) کی یاد میں مجلسِ ترحیم اور تعزیتی ریفرنس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں علما، طلاب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز شیخ بشارت امامی اور شیخ جواد صادقی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : ارلی لرننگ اسکول کے بچوں کا امامیہ مرکز سکردو کا دورہ، علامہ حسن جعفری سے ملاقات
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام شیخ غلام محمد شاکری نے مرحوم کو ‘ابوذرِ بلتستان’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسلامی تحریک سے وابستگی کے بعد تاحیات ثابت قدم رہے اور عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود انتہائی سادہ زندگی گزاری۔ انہوں نے محققین سے آغا سید عباس رضوی کی شخصیت اور جدوجہد پر جامع تحقیق کرنے کی اپیل کی۔
بعدازاں حجت الاسلام سید احمد رضوی نے مرحوم کی قناعت اور ولایتِ فقیہ سے غیر متزلزل وابستگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مرحوم کی دیانت کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آغا سید عباس نے اسمبلی کی رکنیت کے دوران اپنی 25 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ میں سے صرف 5 ہزار اپنے ذاتی اخراجات کے لیے رکھے اور بقیہ 20 ہزار علاقے کے مستحقین میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تقریب کے اختتام پر آیت اللہ سید حامد رضوی نے دعائیہ کلمات ادا کیے اور مرحوم کے بلندیِ درجات کے لیے دعا فرمائی۔







