سعودی حمایت یافتہ فورسز کی جارحیت پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، یمنی مسلح افواج کا سخت انتباہ
یمنی مسلح افواج
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج کے ایک اعلیٰ فوجی عہدیدار نے سعودی عرب اور اس کے حمایت یافتہ آلہ کاروں کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یمنی فوج دشمن کی جارحیت اور نقل و حرکت کے مقابلے میں ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سعودی حمایت یافتہ فورسز کے کسی بھی حملے کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے سے ہرگز گریز نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی فوجی طاقت زوال کا شکار، ایران اپنی صلاحیتوں اور امریکی خامیوں سے بخوبی آگاہ ہے، نیویارک ٹائمز کا اعتراف
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یمنی فوجی عہدیدار نے مغربی یمن کے صوبہ الحدیدہ کے ضلع الجراحی میں ایک یمنی شہری کے گھر پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اسے دشمن سعودی عرب اور اس کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے سنگین جنگی جرائم کی فہرست میں ایک اور شرمناک اضافہ قرار دیا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ یمن کی سرزمین پر سعودی عرب سے وابستہ فورسز کا ہر اجتماع یمنی مسلح افواج کے لیے ایک جائز فوجی ہدف تصور کیا جائے گا۔
یمنی عہدیدار نے مزید واضح کیا کہ مسلح افواج دشمن کی جانب سے زمینی جنگ شروع کرنے کی کسی بھی قسم کی سازش یا تیاری کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی اور ان اجتماعات کو آگے بڑھنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ سعودی استعمار یمنی عوام کے فولادی عزم کو توڑنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ یمنی عوام اپنے خلاف جاری ہر طرح کے ظلم، ناانصافی اور بربریت کے خاتمے کے لیے ثابت قدم ہیں اور دشمن کی کوئی بھی بزدلانہ کارروائی ان کے ارادوں کو کمزور نہیں کر سکتی۔







