علامہ سید مرید حسین نقوی اور علامہ سید محمد حسن نقوی کا جامعہ علمیہ امام حسن عسکریؑ کا دورہ
شیعیت نیوز : نامور علمائے کرام حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید مرید حسین نقوی اور حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد حسن نقوی نے جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (ع) اور مرکزی جامع مسجد مہدیہ کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جامعہ کے پرنسپل اور فاضلِ حوزہ علمیہ قم، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد زکاء الحسن، ملک جابر علی گھلو اور جامعہ کے طلاب کرام سے اہم ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں : مرجعیت، عزاداری اور ولایتِ امیر المومنینؑ اہلِ تشیع کی سب سے بڑی طاقت ہیں، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
ملاقات کے دوران معزز علمائے کرام نے جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (ع) کے تعلیمی و تربیتی امور، دینی سرگرمیوں اور دیگر جاری پروگراموں کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے جامعہ کے شاندار تعلیمی و تربیتی نظام پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کی انتظامیہ اور پرنسپل کی انتھک کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد زکاء الحسن کو درپیش امور اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے مفید اور قیمتی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
معزز مہمانوں نے جامعہ میں دینی تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کو دورِ حاضر کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے ان کاوشوں کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر علامہ سید مرید حسین نقوی اور علامہ سید محمد حسن نقوی نے جامعہ کے مرحوم بانیان کی قبور پر حاضری دی، ان کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی اور رضوانِ الٰہی کے حصول کے لیے خصوصی دعا کی۔







