مرجعیت، عزاداری اور ولایتِ امیر المومنینؑ اہلِ تشیع کی سب سے بڑی طاقت ہیں، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
آیت اللہ حافظ سید ریاض نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی ایران کے بعد دشمن کو یقین ہو گیا ہے کہ اہل تشیع کی سب سے بڑی طاقت ‘مرجعیت’ ہے، جس کے ساتھ ‘عزاداری’ اور ‘ولایتِ امیر المومنینؑ’ تشیع کے مضبوط ترین محافظ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان تین عظیم طاقتوں کے سبب آج کا شیعہ استعمار کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے، اور اسی بیداری سے خائف ہو کر استعمار انہیں کمزور کرنے کے لیے مسلسل سازشیں کر رہا ہے۔ آیت اللہ ریاض نجفی نے کہا کہ رواں صدی مسلمانوں کی ہے، اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے اور قرآن و حدیث کی پیشین گوئیوں کے مطابق مستقبل میں برطانیہ اور یورپ میں بھی اسلام کا بول بالا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : امام جعفر صادقؑ نے علم کے فروغ کا عظیم ماحول قائم کیا، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
کربلا کو دین کی بقا قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امام محمد باقرؑ اور امام جعفر صادقؑ نے ذکرِ کربلا کو عروج بخشا، شعراء کو مجالسِ عزا میں دعوت دی اور اس عظیم ذکر کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کے اسباب فراہم کیے۔
اجتہاد اور علمی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امام جعفر صادقؑ نے مسجد نبوی کے تعلیمی سلسلے کو وسعت دے کر ایک عظیم یونیورسٹی کی سطح تک پہنچایا، جہاں 4 ہزار طلباء زیرِ تعلیم تھے جن میں ہند اور سندھ کے طلبہ بھی آتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بابائے کیمیا اور جدید سائنس کے بانی جابر بن حیان بھی امام جعفر صادقؑ کے ہی مایہ ناز شاگرد تھے۔ آخر میں انہوں نے 17 ربیع الاول کی مناسبت سے پیغمبرِ اکرم (ص) اور امام جعفر صادقؑ کی ولادتِ باسعادت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے عالمِ اسلام کے لیے خوشیوں، ہجرت اور مواخات کا عظیم مہینہ قرار دیا۔







