امام جعفر صادقؑ نے علم کے فروغ کا عظیم ماحول قائم کیا، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی حیاتِ مبارکہ اور عظیم علمی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام محمد باقرؑ اور امام جعفر صادقؑ نے دین کو خرافات سے پاک کرنے اور سائنس، جغرافیہ، تاریخ اور تفسیر سمیت مختلف علوم کے فروغ کے لیے ایک وسیع علمی ماحول قائم کیا۔ فقہ جعفریہ محض ایک فقہی عنوان نہیں بلکہ اہل بیت علیہم السلام کی علمی و دینی میراث سے وابستگی کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ عارف حسین واحدی کی علامہ سید عباس رضوی کے اہلِ خانہ سے تعزیت، خدمات کو شاندار خراج عقیدت
علامہ شبیر میثمی نے کراچی میں ایک نوجوان کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور فوری انصاف کا پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو کرپٹو کرنسی اور آن لائن فراڈ کے لالچ سے خبردار کرتے ہوئے اپنی زندگیاں تباہ ہونے سے بچانے کی تلقین کی۔ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف حالیہ کارروائیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قانون کی یکساں عمل داری ہونی چاہیے؛ اگر تعمیر غیر قانونی تھی تو قانون کو اس کے قیام کے وقت ہی حرکت میں آنا چاہیے تھا۔ انہوں نے قانون کے نفاذ میں ہر قسم کے امتیاز اور سیاسی دباؤ کو مسترد کر دیا۔
غزہ کی صورتحال پر مسلم دنیا کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری اور مسلم ممالک سے فلسطینی عوام کے حق میں عملی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان میں اتحاد و وحدت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اہل سنت کے ساتھ ہمارا عقیدتی اختلاف ضرور ہے لیکن اس کا مطلب دشمنی نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی اور انتشار پھیلانے والے عناصر کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔ خطبے کے اختتام پر علامہ شبیر میثمی نے موت اور آخرت کی جواب دہی کی یاد دہانی کراتے ہوئے مؤمنین کو تقویٰ اختیار کرنے اور ظہورِ امام زمانہ (عج) کے لیے خصوصی دعا کی تلقین کی۔







