علامہ عارف حسین واحدی کی علامہ سید عباس رضوی کے اہلِ خانہ سے تعزیت، خدمات کو شاندار خراج عقیدت
شیعیت نیوز : علامہ عارف حسین واحدی نے مرحوم علامہ سید عباس رضوی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، اور مرحوم کی مغفرت، بلندیِ درجات اور رضوانِ الٰہی کے حصول کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر مرحوم کے داماد حجت الاسلام سید حسن فلسفی اور دیگر عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔
تعزیتی ملاقات کے دوران علامہ عارف حسین واحدی نے علامہ سید عباس رضوی مرحوم کی دینی، علمی، ملی اور تنظیمی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے گلگت بلتستان میں دین، مکتبِ اہل بیتؑ اور ملت کی خدمت کے لیے نمایاں اور ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ ان کی وفات اہلِ علم، ملت اور بالخصوص گلگت بلتستان کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ اس نشست میں گلگت بلتستان کی موجودہ مذہبی، ملی اور تنظیمی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : حجت الاسلام شیخ علی نقی جنتی کے لیے ایران کا پہلا ثقافتی و مذہبی سفارتی ایوارڈ
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل بلتستان کے سابق صدر اور محکمہ شرعیہ کے سربراہ علامہ فدا حسین عبادی، شیعہ علماء کونسل کے فعال کارکن و سماجی رہنما ولایت بلتی اور زاہد حسین ایڈووکیٹ بھی علامہ عارف حسین واحدی کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں، علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے دیگر رفقاء کے ہمراہ علامہ سید عباس رضوی مرحوم کے مرقد پر بھی حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کی مغفرت و بلندیِ درجات کے لیے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی۔







