تعلیم کے ساتھ دینداری اور اخلاقی تربیت ناگزیر ہے، علامہ شیخ فدا حسن عبادی

04 ستمبر, 2026 18:32

شیعیت نیوز : نائب امامِ جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان علامہ شیخ فدا حسن عبادی نے نمازِ جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ نوجوانوں کے لیے صرف تعلیم کافی نہیں، بلکہ اس کے ساتھ دینداری، اخلاق اور اعلیٰ تربیت انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تربیت و تقویٰ سے عاری علم انسان کو غرور اور ظلم کی طرف دھکیل سکتا ہے۔ ائمۂ اہلِ بیتؑ کی سیرت کو بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ عبادت کے ساتھ کسبِ حلال، محنت اور خدمتِ خلق کو شعار بنایا جائے۔

علامہ فدا حسن عبادی نے معاشرتی برائیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بندش یا اشیائے ضروریہ کی قلت کے دوران ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری اسلامی تعلیمات کے قطعی منافی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے استعمال میں تقویٰ کی تلقین کرتے ہوئے علماء و اہلِ دین کی توہین، غیبت اور مومنین کی کردار کشی سے سختی سے بچنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ ایران کے ساتھ وسیع تر معاہدے کا خواہاں ہے، فنانشل ٹائمز

گلگت کے موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ فدا حسن عبادی نے عوام کو اطمینان دلایا کہ وہاں امن و امان برقرار ہے اور انجمنِ امامیہ گلگت و انتظامیہ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلتستان میں فی الحال کسی احتجاج کی ضرورت نہیں اور کوئی بھی قدم مرکزی انجمنِ امامیہ بلتستان کی پالیسی کے بغیر نہ اٹھایا جائے۔ خطبے کے دوران انہوں نے ملتِ اسلامی ایران کے لیے جمع کرائی گئی امانتوں کی مستحقین تک شفاف منتقلی کے آغاز اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کی امنگوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔

سکردو حلقہ 3 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کو شرعی امانت سمجھتے ہوئے دیانتدار اور اہل امیدوار کا انتخاب کریں۔ سیاحت کے فروغ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاحوں کے لیے اسلامی ثقافت اور مقامی اقدار پر مبنی ضابطۂ اخلاق نافذ کیا جائے اور دیگر مذہبی لٹریچر کی تقسیم پر پابندی عائد ہو۔ آخر میں، انہوں نے کوٹے کے ناقص آٹے کی فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات، 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے کے جلد آغاز اور گمبہ سکردو 250 بستروں کے اسپتال کے ٹینڈر کے فوری اجراء کا پرزور مطالبہ کیا۔

8:04 شام ستمبر 4, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔