ٹرمپ ایران کے ساتھ وسیع تر معاہدے کا خواہاں ہے، فنانشل ٹائمز
ڈونلڈ ٹرمپ
شیعیت نیوز : امریکی اخبار فنانشل ٹائمز نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ایک وسیع تر معاہدے کے لیے پسِ پردہ کوششیں کر رہے ہیں، جس میں جوہری معاملے کے ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز کا اسٹریٹجک مسئلہ بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ثالث ممالک تہران اور واشنگٹن کے درمیان ممکنہ نئے معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک تیار کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق سفارتی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے ثالثوں کو واضح کیا ہے کہ تہران اور مسقط کے درمیان کسی بھی ممکنہ معاہدے سے قطع نظر، واشنگٹن ہر صورت آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کیخلاف فوجی کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش، امریکی وزارت دفاع نے آپریشن کا نام تبدیل کر دیا
امریکہ ان ممکنہ مذاکرات میں ایک ایسے جامع سمجھوتے کی تلاش میں ہے جس کے ذریعے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ اس اہم ترین بحری راستے کی صورتحال کو اپنے مفادات کے مطابق حل کیا جا سکے۔
تاہم، ان امریکی سرگرمیوں اور خواہشات کے برعکس اسلامی جمہوریہ ایران کی بابصیرت قیادت اور حکام نے ہمیشہ کی طرح جرأت مندانہ اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔ ایرانی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک امریکہ اپنے استکباری رویے میں بنیادی تبدیلی نہیں لاتا اور ماضی کے معاہدوں کی پاسداری کے حوالے سے ٹھوس عملی اقدامات نہیں کرتا، آبنائے ہرمز سمیت کسی بھی معاملے پر کوئی پیش رفت ہرگز ممکن نہیں۔ تہران کا واضح پیغام ہے کہ کسی بھی نئے سمجھوتے کے لیے باہمی اعتماد، عملی ضمانتیں اور فریقین کی جانب سے ذمہ داریوں پر ایمانداری سے عمل درآمد بنیادی شرط ہے۔







