رسول خداؐ کی سیرت امن، انسانیت اور اتحاد کا پیغام ہے، مدرسہ امام جعفر صادقؑ میں بین المذاہب کانفرنس
شیعیت نیوز : پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی ولادت باسعادت اور ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے مدرسہ امام جعفر صادق (ع)، بیگم گنج جَونپور میں بین المذاہب مکالمے اور مذہبی ہم آہنگی کے موضوع پر ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن اور نعتِ رسول (ص) سے ہوا، جس کے بعد مدرسے کے مدیر حجۃ الاسلام مولانا سید صفدر حسین زیدی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد رسول خدا (ص) کی سیرت سے امن اور انسانیت کا پیغام عام کرنا ہے، اور یہ مدرسہ ہمیشہ سے گنگا جمنی تہذیب کا مرکز رہا ہے۔
دہلی سے آئے مولانا ڈاکٹر سید کلب رشید نے کہا کہ ہفتۂ وحدت کا پیغام اختلافات کو فراموش کرکے اتحاد کو فروغ دینا ہے اور ہمیں شیعہ سنی کے ساتھ ہندو مسلم سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ پنڈت وجے کمار شرما نے واضح کیا کہ وید اور قرآن دونوں محبت کا درس دیتے ہیں اور پیغمبر اسلام (ص) نے سچائی اور بھائی چارے کا راستہ دکھایا۔ اسی طرح ڈاکٹر اے۔ اے۔ جعفری نے معاشرے میں پھیلی نفرت کو ایک بیماری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا علاج صرف محبت اور باہمی ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : معروف عالم دین، محقق اور استاد مولانا محمد سیادت نقوی انتقال کر گئے
ایرانی کلچر ہاؤس کے نمائندے مولانا سید تقی تقوی نے فتح مکہ کی عام معافی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام انتقام نہیں رحمت کا دین ہے اور اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ مولانا ڈاکٹر سید کاظم مہدی عروج جونپوری نے واضح کیا کہ فروعی اختلافات کے باوجود توحید، رسالت اور قرآن پر ہم سب متحد ہیں اور جب تک ہندو مسلم سمیت معاشرے کے تمام طبقات ایک ساتھ نہیں آئیں گے، ملک حقیقی ترقی نہیں کر سکتا۔
کانفرنس کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے 10 افراد کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور اختتام پر ملک میں امن و سلامتی کے لیے دعا کروائی گئی۔ عدنان زیدی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس موقع پر مولانا حسن مہدی، مولانا آصف عباس، مولانا سید احمد عباس، قمر حسنین دیپو، دانش کاظمی سمیت دیگر علما، دانشوروں، طلبہ اور مقامی شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔







