فرقہ واریت اور نفرتیں پھیلانے والوں سے ہوشیار رہنا ہوگا، علامہ عارف حسین واحدی
شیعیت نیوز : ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیرِ اہتمام اور مجلسِ وحدتِ مسلمین کی میزبانی میں ’’عشقِ پیغمبرِ اعظمؐ مرکزِ وحدت المسلمین‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس اہم کانفرنس میں مختلف مذہبی و سیاسی رہنماؤں اور علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی اور امت کے مشترکہ مسائل پر غور کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریکِ پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، بین الاقوامی چیلنجز، اور پاکستان میں فرقہ واریت، تکفیر اور دہشت گردی جیسے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں وحدت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل 1995ء سے اتحاد کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور یہ مشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا متحدہ عرب امارات میں امریکی ایئر بیس پر ڈرون حملہ، اہلکار اور ہیلی کاپٹر نشانہ
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک دن امتِ مسلمہ قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کرتے ہوئے متحد ہو کر ’’امتِ واحدہ‘‘ بنے گی اور کوئی سامراجی طاقت اس اتحاد میں دراڑ نہیں ڈال سکے گی۔ علامہ عارف واحدی نے فرقہ پرست عناصر کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسلمانوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر وحدت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور نفرتیں پھیلانے والوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے رہبرِ شہید آیت اللہ امام خامنہ ای کو امت، وحدت، فلسطین اور کشمیر کا شہید قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس کے آخر میں جناب لیاقت بلوچ، علامہ ناصر عباس جعفری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور فلسطین سمیت مظلوم اقوام کی حمایت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔







