عشقِ پیغمبر اعظمؐ کانفرنس میں اتحادِ امت کا شاندار مظاہرہ، شیعہ سنی علماء کی ایک ساتھ نماز

31 اگست, 2026 09:17

شیعیت نیوز : عشقِ پیغمبر اعظم حضرت محمد مصطفیٰ (ص) مرکزِ وحدت المسلمین کانفرنس کے آغاز سے قبل اسلام آباد میں اتحادِ امت اور بین المسالک ہم آہنگی کا ایک خوبصورت اور قابلِ تقلید مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر کے علماء اور شرکاء نے نمازِ مغرب ایک اہلِ سنت عالمِ دین کی امامت میں جبکہ نمازِ عشاء ایک شیعہ عالمِ دین کی اقتدا میں باجماعت ادا کی۔

اس دوران تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ایک ہی صف میں شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے۔ بعض نمازیوں نے ہاتھ باندھ کر اور بعض نے ہاتھ کھول کر نماز ادا کی، تاہم سب کا رخ ایک ہی قبلہ کی جانب تھا اور دل عشق و محبتِ رسول (ص) سے سرشار تھے۔ یہ روح پرور منظر اس حقیقت کا عملی مظہر تھا کہ فروعی و فقہی اختلافات کے باوجود امتِ مسلمہ میں مشترکات کہیں زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جوہری ہتھیاروں کے بیان پر ٹرمپ کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے، امریکی صحافی ٹکر کارلسن

مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کا ایک دوسرے کی اقتدا میں نماز ادا کرنا اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کا مؤثر پیغام ہے۔ علماء کے اس عملی اقدام کو پاکستان میں اتحادِ امت کے فروغ کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف دوریاں کم ہوتی ہیں بلکہ غلط فہمیوں کا خاتمہ ہوتا ہے اور معاشرے میں محبت و اخوت کو فروغ ملتا ہے۔

اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک سے فرقہ واریت اور نفرت کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے کے اجتماعات میں شرکت اور مشترکہ پروگراموں کا انعقاد ضروری ہے۔ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتبِ فکر متحد ہو کر آگے بڑھیں، کیونکہ اسی وحدت میں امت کی قوت، ملک کا استحکام اور رضائے خداوندی، خوشنودی رسول (ص) اور امیرالمؤمنین حضرت علی (ع) مضمر ہے۔

10:12 صبح اگست 31, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔