ملتان میں 12 ربیع الاول پر اتحادِ امت کا شاندار مظاہرہ، ایم ڈبلیو ایم کا استقبالیہ کیمپ
مجلس وحدت مسلمین
شیعیت نیوز : ملتان میں 12 ربیع الاول عید میلاد النبی (ص) کے پرمسرت موقع پر اتحاد بین المسلمین کا شاندار عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) ملتان کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ حسین آباد، دولت گیٹ کے سامنے ایک شاندار استقبالیہ کیمپ قائم کیا گیا۔
اس کیمپ کا انعقاد امام بارگاہ حسین آباد کی انتظامیہ کے خصوصی تعاون سے کیا گیا، جہاں میلاد النبی (ص) کے جلوس کے شرکاء کو بھرپور خوش آمدید کہا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر عون رضا انجم ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری مولانا غدیر عباس شیرازی اور ضلعی کابینہ کے دیگر اراکین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : نجف اشرف: آیت اللہ بشیر نجفی سے ایرانی وفد کی ملاقات، رہبرِ معظم کا خصوصی پیغام موصول
اس اہم استقبالیہ کیمپ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی صدر عزاداری ونگ مولانا اقتدار حسین نقوی، صوبائی صدر جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی، ثقلین نقوی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، عوامی تحریک کے راؤ محمد عارف رضوی اور خاور حسنین بھٹہ سمیت دیگر علمائے کرام اور رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران مخدوم حسن رضا مشہدی، مخدوم عون رضا شمسی اور دیگر مقامی و تنظیمی عہدیداران کی بڑی تعداد بھی موجود رہی، جنہوں نے باہمی محبت اور اخوت کا شاندار پیغام دیا۔ اس بابرکت موقع پر مہمانوں کی میزبانی کے فرائض ملک ثمر عباس کھوکھر اور امام بارگاہ کی انتظامیہ نے بطریقِ احسن انجام دیے۔






