سیرتِ نبوی (ص) حسنِ اخلاق، نرمی اور انسانیت سے محبت کا عملی نمونہ ہے، ڈاکٹر طاہر القادری

26 اگست, 2026 20:03

شیعیت نیوز : تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مینارِ پاکستان کے سبزہ زار میں منعقدہ 43ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیرتِ نبوی (ص) کے جمالیاتی پہلوؤں یعنی نرم مزاجی، ملنساری اور لوگوں سے انسیت کو اپنانا ہی مؤمن کے لیے نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنی ذات سے دوسروں کے لیے آسانیاں اور راحتیں پیدا کرنی چاہئیں۔

انہوں نے خود احتسابی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہماری ذات سے دوسروں کو سکون ملتا ہے یا تکلیف۔ قرآنی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حضور نبی اکرم (ص) نے شدید اذیتوں کے باوجود اپنے مخالفین کے لیے ہمیشہ ہدایت کی دعا فرمائی اور غلطی کرنے والوں کی سختی کے بجائے انتہائی حکمت و محبت سے اصلاح کی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان بھر میں جشنِ عید میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

ڈاکٹر طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ دین کی دعوت کا مقصد مخالف کو شکست دینا نہیں بلکہ نرمی سے اس کا دل جیتنا ہے۔ میلادِ مصطفیٰ (ص) صرف جلسے جلوسوں کا نام نہیں، بلکہ اس کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ سیرتِ نبوی (ص) کی روشنی میں حسنِ اخلاق، اتباعِ رسول اور کردار کی اصلاح کو اپنی عملی زندگیوں کا لازمی حصہ بنایا جائے۔

اس عظیم الشان روحانی اجتماع میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، الازہر الشریف (مصر) کے اعلیٰ سطحی وفد، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور سمیت جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

9:13 شام اگست 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔