پمز ہسپتال آتشزدگی میں نومولود بچوں کا جاں بحق ہونا ریاستی و انتظامی ناکامی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

26 اگست, 2026 10:16

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پمز ہسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے دلخراش سانحے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کا اس طرح شعلوں کی نذر ہونا محض ایک حادثہ نہیں، بلکہ ہسپتالوں کے حفاظتی انتظامات اور حکومتی ترجیحات پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکس سے چلنے والے ملک کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں نومولود بچوں کا محفوظ نہ ہونا پورے نظامِ حکمرانی کی ناکامی ہے۔ انہوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا کہ حکمران عوام کی جان و مال کے تحفظ کے بجائے محض اپنا اقتدار بچانے اور ذاتی مفادات کے تحفظ میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حالیہ جنگوں میں دشمن کے طیارے اور ڈرونز تباہ، ایرانی فضائی دفاع کی شاندار کارکردگی

علامہ راجہ ناصر عباس نے پرزور مطالبہ کیا کہ اس المناک سانحے اور امدادی کارروائیوں میں مبینہ تاخیر کی فوری، شفاف اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیرِ صحت سمیت تمام متعلقہ ذمہ داران اس سانحے کی اخلاقی اور انتظامی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہوں اور مجرمانہ کوتاہی برتنے والوں کو کڑی سزا دی جائے۔

انہوں نے ملک بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی سہولیات کے جامع آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو رسمی تعزیتی بیانات یا روایتی کمیٹیوں کی نہیں بلکہ عملی احتساب کی ضرورت ہے۔ سینیٹر راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کا خون آج حکمرانوں اور ریاست سے سوال کر رہا ہے کہ اس سنگین غفلت کا اصل ذمہ دار کون ہے؟

11:33 صبح اگست 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔