اسلامی بینکاری کانفرنس: شاندار کارکردگی پر الصادق انسٹیٹیوٹ کے لیے خصوصی ایوارڈ اور شیلڈ
شیعیت نیوز : اسلامی بینکنگ اور فنانس کے موضوع پر منعقدہ اہم کانفرنس میں چیئرمین الصادق انسٹیٹیوٹ اور سابق ممبر شریعہ ایڈوائزری اسٹیٹ بینک، علامہ شبیر حسن میثمی کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا سید مظہر عباس زیدی نے خصوصی شرکت کی۔
اس کانفرنس میں اسلامی معاشی نظام، اسلامک بینکنگ اور شریعہ اصولوں کے مطابق مالیاتی نظام کی تشکیل سمیت مختلف پہلوؤں پر مختلف مکاتبِ فکر کے ماہرینِ معاشیات کی جانب سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : شہید رہبر معظم کے چہلم پر المہدی دینیات سنٹر میں قرآن خوانی اور مجلسِ عزا کا انعقاد
مولانا سید مظہر عباس زیدی نے کانفرنس کے دوران ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلامی بینکاری کے شعبے میں الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ، فنانس اینڈ تکافل کی نمایاں علمی و تحقیقی خدمات کو شرکاء کے سامنے اجاگر کیا۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کے اعتراف میں الصادق انسٹیٹیوٹ کو خصوصی ایوارڈ اور شیلڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ادارے کی جانب سے شریعہ سے ہم آہنگ جدید مالیاتی نظام کی ترویج کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔







