نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت کے لیے سیرتِ رسول (ص) سے رہنمائی ناگزیر ہے، علامہ عارف واحدی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقدہ صوبائی سیرت النبی (ص) کانفرنس میں خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حضور اکرم (ص) کی انسان ساز تعلیمات اور اعلیٰ اخلاق پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے بالخصوص نوجوان نسل کی فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو جرائم، منشیات اور دیگر برائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سیرتِ رسول (ص) سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، کیونکہ نوجوان ہی کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمن فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، سعودی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، سید عبدالملک الحوثی
علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے مقدس نظریے پر معرضِ وجود میں آیا ہے۔ آج ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ باہمی اتحاد، اخوت، برداشت اور عدل و انصاف کو اپنی اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ پاکستان کو ایک حقیقی اور مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس اہم صوبائی کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین مفتی انتخاب احمد نوری سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، مذہبی و سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔







