دفاعی خودکفالت نے دشمنوں کو مفاہمت پر مجبور کر دیا، ایرانی آرمی چیف
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے یوم دفاعی صنعت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ملک کی دفاعی صنعت سے وابستہ سائنس دانوں، ماہرین اور کارکنوں کی مخلصانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، جنہوں نے مقامی علم و ٹیکنالوجی، جہادی جذبے اور قومی خود اعتمادی کی بنیاد پر ترقی اور خودکفالت کی منزلیں طے کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع نے گزشتہ برسوں کے دوران مسلح افواج کی ضروریات کے مطابق مختلف نوعیت کے دفاعی سازوسامان اور نظام تیار کیے، جس سے ایران کی دفاعی طاقت اور قوت بازدارندگی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ایرانی آرمی چیف کے مطابق ان دفاعی کامیابیوں کا ایک اہم حصہ حقیقی جنگی میدانوں اور حالیہ جنگوں میں اپنی کارکردگی اور صلاحیت ثابت کرچکا ہے، جو عالمی برادری کے سامنے ایران کی مقامی دفاعی صنعت کی استعداد کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قم شہر امام حسن عسکریؑ کی شہادت پر سوگوار، حرم معصومہؑ اور مسجد جمکران میں مجالس عزا کا انعقاد
ان کا کہنا تھا کہ آج ایرانی دفاعی صنعت کے ماہرین کی کاوشوں کے نتیجے میں مسلح افواج کے پاس موجود صلاحیتیں محض ہتھیاروں کا مجموعہ نہیں بلکہ ایرانی صلاحیت پر اعتماد، خودکفالت اور قومی عزم کا مظہر ہیں۔ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ حالیہ مشکل حالات کے دوران بھی مسلح افواج کی جنگی صلاحیت اور دفاعی صنعت کے درمیان مضبوط تعلق نے اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی طاقت کی واضح تصویر پیش کی اور اسی دفاعی صلاحیت اور ایرانی قوم کی مزاحمت کے نتیجے میں دہشتگرد امریکی حکومت اور دہشتگرد اسرائیلی رجیم کو اپنے حساب کتاب پر نظرثانی کرنا پڑی اور وہ مفاہمت و سیاسی حل کے راستے کو قبول کرنے پر آمادہ ہوئے۔
انہوں نے وزارت دفاع کے پانچ شہید وزرائے دفاع، بالخصوص شہید میجر جنرل پائلٹ عزیز نصیرزادہ، اور دفاعی صنعت میں جان قربان کرنے والے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو قوم اپنے ہی فرزندوں کی صلاحیتوں سے اپنی دفاعی ڈھال تیار کرتی ہے، وہ کبھی تسلیمِ شکست نہیں کرتی اور بلاشبہ کامیابی حاصل کرتی ہے۔







