قبر، آخرت کی پہلی منزل اور میدانِ حشر کی طرف جانے والا دروازہ ہے، حجت الاسلام شیخ محمد جواد حافظی
حجت الاسلام شیخ محمد جواد حافظی
شیعیت نیوز : مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے نائب امامِ جمعہ حجت الاسلام شیخ محمد جواد حافظی نے کہا کہ مؤمن کو دنیا کی ظاہری آسائشوں میں کھو جانے کے بجائے اپنی آخرت، خصوصاً قبر کی منزل کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے، کیونکہ ہر انسان کو ایک نہ ایک دن اس دنیا سے رخصت ہو کر اسی منزل میں اترنا ہے۔ انہوں نے رسولِ اکرمؐ کی احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قبر آخرت کی پہلی منزل ہے اور وہاں صرف تقویٰ ہی عزت کا معیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اختلافی مسائل کو علمی و مثبت انداز میں زیر بحث لائیں، علامہ شبیر حسن میثمی
علامہ شیخ حافظی نے ماہِ صفر کے اختتام پر رسولِ اکرمؐ اور امام حسن مجتبیٰؑ کی شہادت کی مناسبت سے مجالسِ عزاء میں بھرپور شرکت کی تلقین کی اور کہا کہ ان ایام میں سیرتِ نبوی اور فضائلِ اہلِ بیت کے بیان کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں کی منظم شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عزاداری میں نظم و ضبط اور اخلاقِ اسلامی کو برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے شہیدِ مظلوم قائد علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی برسی پر ان کی عظیم دینی، ملی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور گلگت بلتستان اور جموں و کشمیر کے مسائل کو سنجیدگی اور بصیرت کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملک دشمن عناصر کو انتشار پھیلانے کا کوئی موقع نہ ملے۔







