علامہ اشفاق وحیدی اور حافظ اقبال رضوی کا مشترکہ بیان: اتحاد و وحدت ملک کی مضبوطی کی ضمانت ہے
علامہ اشفاق وحیدی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی اور امن کمیٹی ضلع راولپنڈی کے چیئرمین حافظ اقبال رضوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اتحاد، وحدت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنا تمام مکاتبِ فکر کے علماء کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مسلکی رواداری کا پیغام ہی ملک کی مضبوطی اور استحکام کی ضمانت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ "کسی کے عقیدے کو چھیڑو نہیں، اپنے عقیدے کو چھوڑو نہیں” کے اصول کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں باہمی احترام، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے ملکی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کرتے ہوئے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں سیکورٹی فورسز اور پاک آرمی کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: حماس سربراہ: غزہ میں 112 شہداء کے پیکر صہیونی جرائم کا زندہ ثبوت ہیں، 9 ہزار سے زائد شہید ابھی تک دفن نہیں ہوئے
علامہ اشفاق وحیدی اور حافظ اقبال رضوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہو کر پاکستان کی سربلندی، ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ بیان اتحاد بین المسلمین اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے افکار اور مشن کے عین مطابق ہے۔







