ایران میں رجیم چینج کا خواب دیکھنے والی طاقتیں خود سیاسی تبدیلیوں کے بھنور میں ہیں، مولانا سید ہادی الموسوی
شیعیت نیوز : مھدی آباد، ضلع کھرمنگ کی مرکزی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے امام جمعہ والجماعت مولانا سید ہادی الموسوی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ عصرِ حاضر کی خواتین کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ انہوں نے ایامِ فاطمیہ کے دوران تعلیمی اداروں کی تقریبات میں بچیوں کے رقص اور غیر اخلاقی ثقافتی سرگرمیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے دینی اور تہذیبی اقدار کے سراسر منافی قرار دیا اور نئی نسل کی تربیت سیرتِ زہرا (س) کی روشنی میں کرنے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ میں حکومت بدلنے سے ایران کے خلاف پالیسی نہیں بدلتی، آیت اللہ حسینی بوشہری
تفصیلات کے مطابق، مولانا سید ہادی الموسوی نے محکمۂ تعلیم سے مطالبہ کیا کہ آئندہ تقریبات کے انعقاد میں اخلاقی اور تہذیبی تقاضوں کو سختی سے ملحوظ رکھا جائے اور ڈگریوں کے ساتھ بچیوں کی شرم و حیا اور کردار سازی پر توجہ دی جائے۔ خطبۂ جمعہ کے دوسرے حصے میں عالمی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں حکومت بدلنے کا خواب دیکھنے والے نام نہاد سپر پاور امریکہ اور اسرائیل آج خود داخلی تبدیلیوں اور سنگین چیلنجز کا شکار ہیں۔ طاقت اور غرور کی بنیاد پر پالیسیاں مسلط کرنے والے ہمیشہ ناکامی سے ہمکنار ہوتے ہیں۔





