ایران کو دھمکیاں قبول نہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف کسی جارحیت یا دھمکی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی کابینہ کے آن لائن اجلاس سے خطاب میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور دھمکی آمیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایران کے خلاف دھمکی آمیز زبان کو عالمی امن، قومی خودمختاری اور بین الاقوامی اصولوں کے منافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوم اقوام کے حق خودارادیت اور عالمی انصاف کی حمایت جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی سیاست کا مقصد عدل اور مظلوموں کی حمایت ہے، علامہ سید احمد اقبال رضوی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مجلس وحدت مسلمین کو مظلوم عوام کی آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوان بالا میں آئین کی بالادستی، بنیادی حقوق اور قومی خودمختاری کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ اجلاس میں قومی و ملی مسائل پر جماعت کے کردار اور صوبے میں تنظیمی استحکام پر بھی گفتگو ہوئی۔
صوبائی کابینہ نے اسلام آباد کے تنظیمی کنونشن اور اجلاس شوریٰ عمومی میں سندھ بھر سے شرکت کا فیصلہ کیا۔ اضلاع کے ذمہ داران سے رابطے کے لیے میر فائق علی خان جکھرانی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی، جبکہ ضلعی سطح پر سرگرمیاں اور عوامی مسائل کے حل کی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا گیا۔





