استقامت نے ستمگر کو اپنے ہی گھر میں ذلیل کر دیا، نجات مزاحمت میں ہے، علامہ سید جواد نقوی
علامہ سید جواد نقوی
شیعیت نیوز : تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ ایرانی، فلسطینی، لبنانی اور یمنی عوام کی استقامت کا نتیجہ آج پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ایرانی قوم نے ثابت قدمی دکھا کر ستمگر کو اس کے اپنے ہی ملک میں عوام کے ہاتھوں رسوا کر دیا ہے۔ امریکہ کا مکر یہ تھا کہ پابندیاں عائد کر کے ایرانی عوام کو ولایتِ فقیہ اور مجاہد قیادت کے خلاف کھڑا کیا جائے، مگر اللہ کی تدبیر نے دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا۔ جنہوں نے ایران میں رجیم چینج کا خواب دیکھا تھا، رہبر کے خون نے خود ان کے نظام میں تبدیلی کی بنیاد رکھ دی، جو محاذِ مقاومت کی ایک عظیم کامیابی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تعز میں بازار اور آبی منصوبہ، الحدیدہ میں حیس پر سعودی بمباری
انہوں نے واضح کیا کہ ٹرمپ کی جماعت کی شکست کا مطلب یہ نہیں کہ امریکہ کی ایران و مزاحمت دشمنی ختم ہو جائے گی، کیونکہ امریکی شیطانی نظام میں بنیادی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوتیں۔ اس معرکے کی اصل کامیابی عالمی سطح پر بیداری اور شعور کا فروغ ہے۔ پاکستان، عراق، ترکی اور بن سلمان سمیت امریکی اتحادیوں کو عبرت حاصل کرنی چاہیے اور اس ڈوبتے ہوئے فرعون سے خود کو الگ کر لینا چاہیے۔ علامہ جواد نقوی نے زور دیا کہ نجات صرف مزاحمت اور استقامت میں ہے، جبکہ ستمگر کے سامنے جھکنا دنیا و آخرت کی رسوائی ہے۔





